کراچی میں بدبخت بیٹے نے ضعیف باپ کو قتل کردیا

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 30 نومبر 2018
پیٹ پر تیزدھار آلے سے وار کیے گئے، پولیس، ڈیفنس میں عمارت سے گرکر مزدور جاں بحق۔ فوٹو: فائل

پیٹ پر تیزدھار آلے سے وار کیے گئے، پولیس، ڈیفنس میں عمارت سے گرکر مزدور جاں بحق۔ فوٹو: فائل

 کراچی: رضویہ سوسائٹی میں بدبخت بیٹے نے باپ کو سوتے ہوئے تیز دھار آلے کے وار سے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔

رضویہ کے علاقے گولیمار جہانگیر آباد جاوید اسپتال کے قریب واقع گھر سے ایک شخص کی لاش ملی جس کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش عباسی شہید اسپتال پہنچائی۔

ایس ایچ او نواز بروہی نے  بتایا کہ مقتول کی شناخت 50 سالہ جلیل کے نام سے ہوئی ہے جسے اس کے 15 سالہ بیٹے بلال نے سوتے ہوئے پیٹ پر تیز دھار آلے کے وار کر کے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔ انھوں نے بتایا کہ مقتول کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ملزم بلال گھر کا سب سے چھوٹا اور اپنے باپ کا لاڈلہ تھا جبکہ مقتول جلیل اس کی ہر خواہش پوری کرتا تھا۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ ملزم ذہنی مریض نہیں ، اہلخانہ اسے نفسیاتی قرار دے کر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم وہ قتل کرنے کی وجہ بتانے سے قاصر ہیں۔ پولیس ملزم کے دوستوں سے بھی اس کے بارے میں معلومات کر رہی ہے۔

دریں اثنا ڈیفنس فیز 8 میں واقع بلڈنگ سے گر کر محنت کش جاں بحق ہوگیا۔ ایس ایچ او غزالہ نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 22 سالہ شمریز کے نام سے ہوئی جو  زیر تعمیر عمارت کی 18 ویں منزل سے کام کے دوران گر گیا۔ متوفی کا آبائی تعلق باجوڑ سے تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔