ڈومیسٹک کرکٹ کو 8 ریجنز تک محدود کرنے کی تجویز

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 30 نومبر 2018

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

 لاہور: ڈومیسٹک کرکٹ کو 8ریجنز تک محدود کرنے کی تجویز سامنے آگئی جب کہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ ان میں فاٹا بھی شامل ہوگا۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ ہم ابتدائی طور پر ڈومیسٹک کرکٹ میں 8یا 9ریجنز رکھنے کی تجویز پر غور کررہے ہیں،فاٹا کے نوجوانوں کو کھیلوں کے قومی دھارے میں لانا بھی ترجیحات میں شامل ہے،اس ریجن کو بھی شامل رکھا جائے گا۔

احسان مانی نے کہا کہ پسماندہ علاقوں میں سہولیات کا فقدان ہونے کے باوجود میں کھیلوں کا ٹیلنٹ دیکھ کر بیحد متاثر ہوا ہوں، نہ صرف کرکٹ بلکہ دیگر اسپورٹس میں بھی انفرااسٹرکچر فراہم کرنے کیلیے کام کریں گے،اسکول کرکٹ کو فروغ دیا جائے گا،بورڈ طویل مدت منصوبے پر کام کرتے ہوئے کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود اور ساکھ کیلیے کام کرے گا۔

پی سی بی کے ساتھ ٹاسک فورس برائے اسپورٹس کے بھی سربراہ احسان مانی نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک میں کھیلوں کی حالت سدھارنے کیلیے فکر مند ہیں۔ ہم ان کی جانب سے سونپی جانے والی ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے گراس روٹ لیول پر کام کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ انفرا اسٹرکچر اور سہولیات میں اضافے کیلیے نجی سیکٹر کی معاونت بھی حاصل کریں گے،اس ضمن میں ایک جامع پلان تیار کیا جا رہا ہے جو جلد ہی وزیر اعظم کو پیش کردیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔